فلسفہ قربانی

Anonymous
0

 🐑🌿فلسفہ قربانی🌿🐑

-:پہلا حصہ

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

فَبَشَّرۡنٰہُ بِغُلٰمٍ حَلِیۡمٍ﴿۱۰۱﴾ فَلَمَّا بَلَغَ مَعَہُ السَّعۡیَ قَالَ یٰبُنَیَّ اِنِّیۡۤ اَرٰی فِی الۡمَنَامِ اَنِّیۡۤ اَذۡبَحُکَ فَانۡظُرۡ مَاذَا تَرٰی ؕ قَالَ یٰۤاَبَتِ افۡعَلۡ مَا تُؤۡمَرُ ۫ سَتَجِدُنِیۡۤ اِنۡ شَآءَ اللّٰہُ مِنَ الصّٰبِرِیۡنَ﴿۱۰۲﴾ فَلَمَّاۤ اَسۡلَمَا وَ تَلَّہٗ لِلۡجَبِیۡنِ﴿۱۰۳﴾ۚ وَ نَادَیۡنٰہُ اَنۡ یّٰۤاِبۡرٰہِیۡمُ﴿۱۰۴﴾ۙ  قَدۡ صَدَّقۡتَ الرُّءۡیَا ۚ اِنَّا کَذٰلِکَ نَجۡزِی الۡمُحۡسِنِیۡنَ﴿۱۰۵﴾ اِنَّ ہٰذَا لَہُوَ الۡبَلٰٓـؤُا الۡمُبِیۡنُ﴿۱۰۶﴾ وَ فَدَیۡنٰہُ بِذِبۡحٍ عَظِیۡمٍ﴿۱۰۷﴾

ترجمہ: چنانچہ ہم نے انہیں ایک بردبار بیٹے کی بشارت دی۔  پھر جب وہ ان کے ساتھ کام کاج کی عمر کو پہنچا تو کہا: اے بیٹا! میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ میں تجھے ذبح کر رہا ہوں، پس دیکھ لو تمہاری کیا رائے ہے، اس نے کہا : اے ابا جان آپ کو جو حکم ملا ہے اسے انجام دیں، اللہ نے چاہا تو آپ مجھے صبر کرنے والوں میں پائیں گے۔پس جب دونوں نے (حکم خدا کو) تسلیم کیا اور اسے ماتھے کے بل لٹا دیا، تو ہم نے ندا دی: اے ابراہیم! تو نے خواب سچ کر دکھایا، بے شک ہم نیکوکاروں کو ایسے ہی جزا دیتے ہیں۔ یقینا یہ ایک نمایاں امتحان تھا۔ اور ہم نے ایک عظیم قربانی سے اس کا فدیہ دیا ۔

زیربحث پہلی آ یت حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس دعاکی قبو لیّت کو بیان کررہی ہے ، ارشاد ہوتاہے : ہم نے اسے ایک حلیم و برد بار اور با استقا مت نوجوان کی بشارت دی (فَبَشَّرْناہُ بِغُلامٍ حَلیم) ۔

حقیقت میں اس جملے میں تین بشار ت جمع ہیں ، ایک بیٹے کی ، دوسری اس کے نو جوانی کے سن تک پہنچنے کی اور تیسر ی اس کے حلم جیسی صفت کا حامل ہو نے کی ۔

” حلیم “ کی تفسیر میں بیان کیاگیاہے کہ اس سے مراد ایساشخص ہے جو توانا ئی ہوتے ہوئے کسی کام میں اس کے وقت سے پہلے جلدی نہیں کرتا اور مجرموں کو سزا دینے میں جلد بازی سے کام نہیں لیتا ، جو ایک عظیم روح کا مالک ہوتاہے اوراپنے جذبات واحساسات پر کنٹر ول رکھتا ہے۔

آ خر حضرت ابراہیم علیہ السلام کافرزندِ موعود خدائی بشارت کے مطابق پیدا ہو ااورباپ کا دل تو سالہاسال سے فر زند ِ صالح کی انتظار میں تھا . فرزند کی پیدا ئش سے ان کی آنکھوں کی ٹھنڈ ک ملی پھر وہ فرزند بچپن کے دور کوگزار کرجوانی کے سن میں داخل ہوا ۔

قرآن اس موقع پر کہتاہے :جس وقت وہ اس کے ساتھ سعی و کوشش کے قابل ہوا(فَلَمَّا بَلَغَ مَعَہُ السَّعْیَ ) ۔

یعنی وہ ایسے مرحلہ میں پہنچ گیا کہ زندگی کے مختلف مسائل میں باپ کے ہمراہ سعی و کوشش کرسکے اوراس کی مدد کرسکے ۔

بہرحال مفسّرین کے قول کے مطابق بیٹا ۱۳ سال کاتھا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ایک عجیب اورحیرت انگیز خواب دیکھا . یہ خواب اس عظیم الشان پیغمبرکے لیے ایک اور آزمائش شروع ہونے کے بیان کر تاتھ. انہوں نے خواب دیکھا کہ انہیں خداکی طرف سے یہ حکم دیاگیا ہے کہ وہ اپنے اکلوتے بیٹے کو اپنے ہاتھ سے قربانی کریں اوراسے ذبح کردیں ۔

ابر اہیم وحشت زدہ خواب سے بیدار ہوئے ، وہ جانتے تھے کہ پیغمبر وں کے خواب حقیقت ہو تے ہیں اور شیطانی وسوسوں سے دور ہوتے ہیں، لیکن اس کے با وجود دو اور راتوں میں بھی یہی خواب دیکھاجو اس امر کے لازم ہونے اوراسے جلد انجا م دینے کے لیے تاکید تھی ۔

کہتے ہیں کہ پہلی مرتبہ ” شب ترو یہ “ ( آ ٹھ ذ ی الحجہ کی رات ) یہ خواب اور” عرفہ “ اور ” عید قر بان “ ( نویں اوردسویں ذی الحجہ ) کی راتوں میں خواب کاتکرار ہو ا.لہذ ا اب ان کے لیے ذراسابھی شک باقی نہ رہاکہ یہ خدا کاقطعی فرمان ہے۔ 

ابراہیم جو بار ہا امتحان ِ خداند ی کی گرم بھٹی سے سرفراز ہو کر باہر آ ئے تھے اس دفعہ بھی چا ہتے کہ بحر ِ عشق میں کودپڑ یں اور حق تعالیٰ کے فرمان کے سامنے سر جھکادیں اوراس فرزند کوجس کے انتظار میں عمر کا ایک حِصّہ گذ ار دیا تھا اوراب وہ ایک آ بر و مند نو جوان تھا ،اسے اپنے ہاتھ سے ذبح کردیں ۔

لیکن ضر وری ہے کہ ہر چیز سے پہلے اپنے فرزند کواس کام کے لیے آ ماد ہ کریں،لہذ ااس کی طرف رخ کرکے فرمایا :میرے بیٹے ! میں نے خواب دیکھاہے کہ میںتجھے ذبح کروں ، اب تم دیکھو ! تمہاری اس بار ے میں کیارائے ہے ؟(قالَ یا بُنَیَّ إِنِّی اٴَری فِی الْمَنامِ اٴَنِّی اٴَذْبَحُکَ فَانْظُرْ ما ذا تَری) ۔

بیٹا بھی تو ایثار پیشہ باپ کے وجود کاایک حصّہ تھا اور جس نے صبرواستقامت اورایمان کادرس اپنی چھوٹی سی عمر میں اسی کے مکتب میں پڑ ھاتھا،اس نے خوشی خوشی خلوص ِ دل کے ساتھ اس فر مان ِ الہٰی کااستقبال کیا اورصراحت اورقاطعیّت کے ساتھ کہا:اباجان ! جو حکم آپ کو دیاگی ہے اس کی تعمیل کیجیے (قالَ یا اٴَبَتِ افْعَلْ ما تُؤْمَر) ۔

میری طرف سے بالکل مطمئن رہنے . ” انشاء اللہ آپ مجھے صابرین میں سے پائیں گے (سَتَجِدُنی إِنْ شاء َ اللَّہُ مِنَ الصَّابِرینَ)۔ 

باپ اوربیٹے کی یہ با تیں کس قد ر معنی خیز ہیں اورکتنی باریکیاں ان میں چھپی ہوئی ہیں ۔

ایک طرف تو باپ ۱۳ سالہ بیٹے کے سامنے اسے ذبح کرنے کی بات بڑی صراحت کے ساتھ کرتاہے اوراس سے اس کی رائے معلوم کرتاہے . اس کے لیے مستقل شخصیت اور ارادے کی آ زادی کاقائل ہوتاہے ، وہ ہرگز اپنے بیٹے کودھو کے میں رکھنا نہیں چاہتا اوراسے اندھیر ے میں رکھتے ہوئے امتحان کے اس عظیم میدان میں آنے کی دعوت نہیں دیتا.وہ چاہتا ہے کہ بیٹا بھی اس عظیم امتحان میں پور ے دل کے ساتھ شرکت کرے اورباپ کی طرح تسلیم ورضا کامزہ چکھے ۔

دوسری طرف بیٹا بھی یہ چاہتا ہے کہ باپ اپنے عزم و ارادہ میں پکا اورمضبوط رہے .یہ نہیں کہتاکہ مجھے ذبح کردیں.بلکہ کہتا ہے : جو آپ کوحکم دیاگیاہے اسے بجالا ئیں میں اس کے امر وفرمان کے سامنے سرِ تسلیم خم ہوں،خصوصاً باپ کو ” یاابت “ ( اباجان ! ) کہہ کر مخاطب کرتاہے ، تاکہ اس بات کی نشاندہی کردے کہ اس مسئلے پر جذ بات فرزند وپد ر کا سوئی کی نو ک کے برا بر بھی اثر نہیں ،کیونکہ فرمان ِ خداہر چیز پر حاکم ہے۔

او ر تیسر ی طرف سے پر وردگار کی با ر گاہ میں مر اتبِ ادب کی اعلیٰ ترین طریقے سے پاسدار ی کرتا ہے،ہر گز اپنے ایمان اور عزم و ارادہ کی قوت پر بھرو سہ نہیں کرتا ، بلکہ خدا کی مشیت اوراس کے ارادے پر تکیہ کرتا ہے اوراس عبارت کے ساتھ اس سے پامردی اوراستقامت کی توفیق چاہتاہے۔

اس طرح سے باپ بھی اوربیٹا بھی اس عظیم آ زمائش کے پہلے مرحلے کو مکمل کامیابی کے ساتھ گز اردیتے ہیں ۔

اس دوران کیاکیا حالات پیش آ ئے ، قرآن نے انہیں تشریح کے ساتھ بیان نہیں کیا اور صرف اس عجیب ماجر ے کے نہایت حسّاس پہلو ذکر کیے ہیں ۔

بعض نے لکھاہے کہ فدا کار بیٹے نے اس بناپر کہ باپ کی اس ماموریت کی انجا م دہی میں مدد کر ے اور ماں کے رنج اندو ہ میں کمی کرکے . جس وقت وہ اسے سر زمین ” منٰی کے “ خشک اور جلاڈ النے والے گرم پہاڑ وں کے درمیان، قربان گاہ میں لائے تو باپ سے کہا :اباجان ! رسی کومضبوطی کے ساتھ باندھ دیجئے ، تاکہ میں فر مان ِ خداند ی کے اجراء کے وقت پاتھ پاؤ نہ ہلا سکوں مجھے ڈر ہے کہ کہیں اس سے میرے اجر میں کمی واقع نہ ہوجائے ۔

ابّاجان ! چُھری تیز کر لیجیے اور تیری کے ساتھ میرے گلے پر چلائے تاکہ اسے برداشت کرنا مجھ پر بھی ( اور آ پ پر بھی ) زیاد ہ آسا ن ہوجائے ۔

اباجان ! میاکرتاپہلے ہی میرے بدن سے اتارلیجیے تاکہ وہ خون آلود نہ ہو ، کیونکہ مجھے خوف ہے کہ کہیں میری ماں اسے دیکھے تو دامن صبراس کے ہاتھ سے نہ چھوٹ جائے ۔

پھر مزید کہا،میرا سلام میری ماں کو پہنچا دیجیے گا اور اگر کوئی امر مانع نہ ہو تومیرا کُرتا اس کے لیے لے جا ئیے گا جو اسکی تسلّی خاطر اور تسکین کاباعث بنے گا کیونکہ وہ اس سے بیٹے کو خوشبو سونگھے گی اور جس وقت دل بے قر ار ہوگا تو اسے اپنی آ غوش میں لے لے گی اس طرح یہ اس کے دردِ دل میں تخفیف کاباعث ہوگا ۔

آ خر وہ حساس لمحے آن پہنچے جب فرمان ِ الہٰی کی تعمیل ہونا تھی . حضرت ابراہیم علیہ السلان نے جب بیٹے کے مقامِ تسلیم کو دیکھا ، اسے اپنی آغوش میں لے لیا، اس کے رخساروں کے بوسے لیے اوراس گھڑی دونوں رونے لگے . ایسا گر یہ تھا کہ ان کے جذبات اور لقائے خدا کے لیے ان کاشوق ظاہر ہوتاتھا ۔ 

قرآن مختصر اورمعنی خیز عبارت میں صرف اتنی سی بات کہتاہے : جب دونوں آمادہ وتیار ہوگئے اور ( باپ ) ابراہیم نے بیٹے کو ماتھے کے بل لٹایا ...(لَمَّا اٴَسْلَما وَ تَلَّہُ لِلْجَبینِ) (۱(

قرآن یہاں پھر اختصار کے ساتھ گزرگیا ہے اور سننے والے کو اجازت دیتاہے کہ وہ اپنے احساسات کی موجوں کے ساتھ قصّے کو سمجھے۔ 

بعض نے کہا ہے کہ ”تلّہ للجبین“ سے مراد یہ تھی کہ بیٹے کی پیشانی خود اس کی فر مائش پرزمین پر رکھی کہ مباد اان کی نگاہ بیٹے کے چہر ے پرپڑ ے اور پدر ی جذبات جوش میں آ جائیں اور فرمان ِ خدا کے اجزاء میں مانع ہوجائیں ۔

بہرحال حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بیٹے کے چہر ے کو خاک پررکھا اور چُھری کو حرکت دی اور تیزی اورطاقت کے ساتھ اسے بیٹے کے گلے پر پھیر دیا جب کہ ان کی روح ہیجان میں تھی اورصرف عشقِ خدا ہی انہیں راپنی راہ میں کسی شک کے بغیر آگے بڑھا رہاتھا ۔

لیکن تیز دھا ر چھری نے بیٹے کے لطیف ونازک گلے پر معمولی سابھی اثرنہ کیا ۔

حضر ت ابراہیم حیرت میں ڈوب گئے ، دوبارہ چھر ی کو چلا یا، لیکن پھر بھی وہ کار گر ثابت نہ ہوئی ، ہاں , خلیل تو کہتے ہیں کہ ” کاٹ “ لیکن خدا وند جلیل یہ حکم دے رہا ہے کہ ” نہ کاٹ “ اور چھری توصرف اسی کی فرما نبر دار ہے۔

یہ وہ منزل ہے کہ جہاں قرآن ایک مختصر اور معنی خیز جُملے کے ساتھ انتظار کو ختم کرتے ہوئے کہتا ہے : اس وقت ہم نے ندادی ( اور پکار کرکہا) کہ اے ابراہیم ! (وَ نادَیْناہُ اٴَنْ یا إِبْراہیمُ ) ۔

خواب میں جو حکم تمہیں دیاگیاتھا وہ تم نے پورا کردیا (قَدْ صَدَّقْتَ الرُّؤْیا ) ۔

ہم نیکو کاکروں کو اسی طرح جز ادیاکرتے ہیں (إِنَّا کَذلِکَ نَجْزِی الْمُحْسِنین) ۔

ہم ہی انہیں امتحان میں کا میابی کی توفیق دیتے ہیں اور ہم ایسا بھی نہیں ہونے دیں گے کہ ان کافر زند دل بند ان کے ہاتھ ہی سے چلا جائے . ہاں ! جوشخص سر تاپا ہمارے حکم کے سامنے سرِ تسلیم خم کیے ہوئے ہے اور اس نے نیکی کو اعلیٰ حد تک پہنچا دیاہے ، اس کی اس کے سو ااور کوئی جز انہیں ہوگی ۔

اس کے بعد مزید کہتاہے : بے شک یہ اہم اور آشکار امتحان ہے (إِنَّ ہذا لَہُوَ الْبَلاء ُ الْمُبینُ ) ۔

بیٹے کو اپنے ہاتھ سے ذبح کرنا ، وہ بھی نیک اورلائق بیٹا،اس باپ کے لیے جس نے ایک عمر ایسے فرزند کے انتظا ر میں گذاری ہو سا دہ اور آسان کا م نہیں ہے . ایسے فر زند کی یاد کس طرح دل سے نکال سکتاتھا ؟اس سے بھی بالا تر یہ کہ وہ انتہائی تسلیم و رضا کے ساتھ ما تھے پر شکن لائے بغیر ایسے فرمان کی تعمیل کے لیے آ گے بڑھے اوراس کے تمام مقدمات کو آخر ی مرحلے تک انجام دے،اس طورپر کہ روحانی اور عملی آ ماد گی کے لحاظ سے کوئی کر باقی نہ چھوڑ ے ۔

اس سے بھی پڑھ کر عجیب،اس فر مان کے آگے اس نو جوان کی اطاعت شعار ی کی انتہائی . وہ خوشی خوشی ، اطمینان ِ قلب کے ساتھ،پروردگار کے لطف سے،اس کے ارادہ کے سامنے،سر تسلیم خم کرتے ہوئے،ذبح کے استقبال کے لیے آ گے بڑھا ۔

اسی لیے بعض روایات میں ہے کہ جس وقت یہ کام انجام پاچکاتو جبرئیل نے ( تعجب کرتے ہوئے ) پکار کر کہا ” اللہ اکبر “ ”اللہ اکبر “ ابراہیم علیہ السلام کے فرزند نے کہا :” لآالٰہ الاّ اللہ و اللہ اکبر “ اور عظیم فدا کا رباپ نے بھی کا ”اللہ اکبر و للہ الحمد “ (۲)۔

اور یہ ان تکبیروں کے مشابہ ہے جو ہم عید قربان کے دن پڑ ھتے ہیں ۔

لیکن اس غر ض سے کہ ابراہیم کاپرو گرام  بھی نامکمل نہ رہ جائے اور خدا کی بار گاہ میں ان کی طرف سے قربانی بھی ہو جائے اور ابراہیم کی آ ر زو پوری ہوجائے ، خدانے ایک بہت بڑا مینڈ ھابھیج دیا تاکہ بیٹے کی جگہ اس کی قربانی کریں اور مراسم ” حج“اور سرزمین ” منٰی “ میں آ نے والوں کے لیے اپنی سنت چھوڑ جائیں . چنانچہ قرآن کہتاہے : ہم نے ذبح عظیم کو اس کافدیہ قرار دیا (وَ فَدَیْناہُ بِذِبْحٍ عَظیمٍ) ۔

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)